جہلم (صباح نیوز)وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے جہلم سے رکن قومی اسمبلی بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ انہیںبرصغیر کے ممتاز قلم کار، شاعر، نغمہ نگار اور دینہ میں پیدا ہونے والے ‘گلزار’ صاحب سے ویڈیو کال پر گفتگو کا موقع ملا۔اس ‘ڈیجیٹل نشست’ کا اہتمام جہلم بک کارنر میں ہوا جس کے لئے گگن شاہد صاحب اور گل شیر بٹ صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گل شیر بٹ صاحب نے گلزار صاحب پر جامع کتاب لکھ کر ان کی زندگی کے سفر اور یادوں کو ایک مضبوط تاریخی حوالہ بنا دیا ہے۔لمحہ بھر کو بھی “دینہ” اور “جہلم” کی محبت سے دامن نہ چھڑا پانے والے گزار صاحب کا دل آج بھی دینہ میں اسی گھر میں قیام پزیر ہے۔ یہ محبت گلزاز صاحب کی شاعری میں واضح ہے۔بلال اظہر کیانی کاکہنا تھاکہ گلزار صاحب دینہ کی کہانی کا حصہ ہیں اور دینہ گلزار صاحب کی کہانی کا۔
ویڈیو کال کے دوران گلزار صاحب نے دینہ کے بارے میں کہا کہ “میرے وطن کی مٹی ہے، میں پیدا ہوا ہوں وہاں، اپنا وطن اپنی جگہ اپنی پیدائیش کی مٹی تو سب کو پیاری ہوتی ہے”۔ بلال اظہرکیانی کاکہنا تھا کہ میں گلزار صاحب کے آبائی ‘گھر’ کی ‘گلی’ کو ان کے نام سے منسوب کرکے وہاں یادگاری تختی لگانا چاہتا ہوں جس کے لئے انتظامیہ سے رابطے میں ہوں۔ امید کرتا ہوں گلزار صاحب سے جلد دینہ میں ملاقات بھی ہو۔