راولپنڈی (صباح نیوز)پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ کرسمس خوشی اور امن کا تہوار ہے جو ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کے ہمراہ ہفتہ کے روز پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسیحی بہن، بھائی قوم کے وجود کا حصہ ہیں جن کی کاوشوں سے پاکستان کی یکجہتی کو تقویت ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی اور متنوع اتحاد کا جشن منانے کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریب کا اختتام کرسمس کا کیک کاٹنے اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا جس سے قوم کی شمولیت اور باہمی احترام کے عزم کو تقویت ملی۔ تقریب میں پادری عادل، سابق میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان، ایم پی اے راجہ محمد حنیف، ایم پی اے ضیا اللہ شاہ، سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان، ایم پی اے زیب النسا اعوان، راحت قدوسی، صفی کھوکھر اور ایڈوکیٹ وحید جاوید نے بھی شرکت کی۔