لاہور(صباح نیوز)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ذمہ داران کی تین روزہ تربیت گاہ سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حاکمیت الہیہ کے قیام کے لیے قربانی دینے والوں کی وارث ہیں۔
جماعت اسلامی کے بزرگان گولیوں کے سامنے کلمہ حق کہنے والوں اور ڈٹ کر کھڑے رہنے والوں کی تابناک داستانوں کے امین ہیں- انہوں نے ہر آزمائش کا جانفشانی سے مقابلہ کیا۔ یہ جذبہ جہاد و شہادت رنگ لایا کہ آج ملک کے گوشے گوشے میں جماعت اسلامی دعوت حق پھیلا رہی ہے-
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دینی و سیاسی جماعت کی حیثیت سے شعائر اسلام کی ترویج کے ساتھ عوام الناس کے لیے نافع اور خدمت کے ذریعے اپنے مشن کو آگے بڑھانے پر یقین رکھتی ہے ۔ جماعت کے ذمہ داران ، بندگی رب کے راستے میں جماعت اسلامی کا ماضی، حال اور مستقبل ہیں۔ہمیں برداشت اور حوصلے کے ساتھ ہر طبقہ فکر کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ آپ اقدار و روایات کی امین، دستور اور جماعت کی پالیسیز کی پاسداری کرنے والی ہیں ۔ کل جب جماعت اسلامی آگے بڑھے گی اور اس پورے نظام کو بدل کر اس سرزمین کے اوپر اللہ کے کلمے کو بلند کرے گی تو ان شااللہ اس میں آپ سب کا برابر حصہ ہوگا ۔
قرآن ڈسکشن کے عنوان پر بات کرتے ہوئے سابق سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا کہ تقوی اور صبر اجتماعیت کے راستے کو آسان کرتی اور تحریکوں کو آگے بڑھاتی ہیں ۔ دین حق کے لیے اخلاص کے ساتھ پوری کو شش کریں نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں، انہوں نے کہا کہ اپنے انفاق کا جائزہ لیں -اللہ تعالی کو صالح خصوصیات والی بنیان المرصوص اوراجتماعیت پسند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے راستے پر ، اقامت دین کی جدوجہد اور جنت کے راستے پر دوڑ کر چلنے کی سعی کریں ۔یہ اللہ تعالی کے لئے پسندیدہ ترین عمل ہے، تربیت گاہ کے پہلے دن ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، عطیہ نثار، عفت سجاد بھی موجود تھیں