بزرگ خاتون رکن جماعت اسلامی فرزانہ چیمہ انتقال کر گئیں، نماز جنازہ جامع مسجد منصورہ میں ادا کی گئیں

لاہو ر(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی بزرگ رکن فرزانہ چیمہ انتقال کر گئیں۔ ان کی نماز جنازہ جامع مسجد منصورہ میں بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ مرحومہ کی نماز جنازہ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے پڑھائی اور اس سے قبل مرحومہ کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کی۔

نماز جنازہ میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، نائب قیم جماعت اسلامی ممتاز حسین سہتو، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، جماعت اسلامی کے دیگر قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم و دیگر قائدین نے فرزانہ چیمہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور تحریک اسلامی کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ قائدین جماعت نے اپنے پیغام میں مرحومہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔