قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے وفد کا خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ، سپیکر سے ملاقات کی


اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹیرینز فورم(وائے پی ایف) کے وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی آمد پر سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر سیدہ نوشین افتخار کی سربراہی میں دورہ کرنے والے وفد کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر صدر وائے پی ایف سیدہ نوشین افتخار نے وفد کے ہمراہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے نوجوان پارلیمنٹیرینز کے کردار کو زیر غور لایا گیا۔ملاقات میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کے حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے قیام کو بھی زیر غور لایا گیا۔صدر وائے پی ایف نے کہا کہ ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے قیام کا مقصد ینگ پارلیمنٹرینز کو بااختیار بنانا اور سماجی و قانونی معاملات میں ان کے تعاون کو فروغ دینا ہے، ینگ پارلیمنٹرینز فورم ملک بھر میں نوجوانوں کے مسائل سے نمٹنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

ینگ پارلیمنٹرینز فورم نے صوبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ینگ پارلیمنٹرینز فورم نے خیبر پختونخوا اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ینگ پارلیمنٹرینز فورم کو خیبر پختونخوا اسمبلی کے پس منظر سے آگاہ کیا گیا۔سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ قومی اسمبلی میں 64 ممبران ینگ پارلیمنٹرینز ہیں، سندھ اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرینز کی تعداد 54 ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فروری میں تمام صوبوں کے ینگ پارلیمنٹرینز فورمز مکمل کریں گے،

تمام صوبوں کے ینگ پارلیمنٹرینز فورمز بن جانے کے بعد قومی سطح پر سیمینار منعقد کریں گے۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی ملک کی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس نے ایمپلائی ایکٹ پاس کیا، ایمپلائی ایکٹ بنانے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سپیشل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔