مظفر آباد آزاد کشمیر کے دو نوجوانوں کو تھائی لینڈ سے اغوا کر کے میانمار پہنچا دیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر کے دو نوجوانوں کو تھائی لینڈ سے اغوا کر کے میانمار پہنچا دیا گیا ہے ۔ مظفرآباد، آزاد جموں و کشمیر کے رہائشی  عمر عباسی اور ایڈوکیٹ رئیس عباسی 11 اکتوبر 2024 کو دبئی سے تھائی لینڈ روانہ ہوئے تھے۔ وزٹ ویزا پر   بنکاک  میں لینڈنگ کے بعد دونوں نے اپنی فیملی سے رابطہ کر کے بتایا  تھاکہ وہ خیریت سے پہنچ گئے ہیں۔ نجی ٹی  وی رپورٹ کے مطابق دونوں نوجوان   ٹیکسی کے زریعے ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے ، اگلے دن عمر نے اپنے گھر رابطہ کیا اور بتایا کہ ان کو ٹیکسی ڈرائیور نے گن پوائنٹ پر اغوا کر کے  میانمار(Myanmar )کا بارڈر کراس کروایا ہے۔ر دونوں کو سکیمنگ سینٹر میں رکھا گیا ہے  جہاں 17 گھنٹے سائبر کرائم (cyber crime)کا کام کروایا جاتا ہے۔شبہ ہے کہ  نوجوانوں کو ایک بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

جی پی ایس ڈیٹا اور دیگر ذرائع سے معلوم ہوا کہ ان کی آخری لوکیشن میانمار میں تھی۔متاثرین کے اہل خانہ، بشمول عمر آ صف کی اہلیہ، اسما کریم، نے اس واقعے پر شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی جرم قرار دیا ہے۔ متاثرین کی تصاویر اور مشتبہ ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ دستیاب ثبوت حکام کو فراہم کیے جا چکے ہیں

یہ واقعہ متاثرہ خاندانوں کو جذباتی اور مالی مشکلات سے دوچار کر چکا ہے، جو اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں۔ دونوں خاندانوں نے اوورسیز پاکستانی فانڈیشن اور تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانے سمیت کئی اداروں سے  رجوع کیا ہے، لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خطرات کو اجاگر کرتا ہے اور پاکستانی شہریوں کے لیے محفوظ سفر کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے