علی وزیر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ تیسری مرتبہ موخر


کراچی(صباح نیوز)پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ تیسری مرتبہ موخر کردیا گیا۔

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ تیسری مرتبہ موخر کردیا۔

علی وزیر کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے صبح دوران سماعت دوپہر کو فیصلہ سنانے کا کہا، عدالت نے اب درخواست ضمانت پر فیصلہ کل تک موخر کردیا ہے۔

وکیل علی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی عدالت نے فیصلہ نہیں سنایا تھا، علی وزیر کی درخواست ضمانت پر تیسری بار فیصلہ موخرکیا گیا۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 31 جنوری تک محفوظ کیا تھا۔وکلا کا کہنا ہے کہ علی وزیر کیخلاف سندھ میں 2، خیبرپختوخوا میں ایک مقدمہ زیر سماعت ہے، علی وزیر کیخلاف کراچی کے تھانے سہراب گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 مقدمات درج ہیں۔ دونوں مقدمات دہشتگردی دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں، سہراب گوٹھ کے مقدمے میں سپریم کورٹ نے علی وزیر کی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔