راولپنڈی(صباح نیوز)ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران دونوں ممالک سے جڑے مختلف موضوعات منجملہ سکیورٹی اور سرحدی مسائل پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد پہنچنے پر ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی اپنی پہلی باضابطہ ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملے۔
اس موقع پر پاکستان میں تعینات سفیرِ ایران سید محمد علی حسینی، سرحدی فورس کے کمانڈر جنرل احمد علی گودرزی اور پاکستان میں تعینات ایران کے فوجی اتاشی کرنل مصطفی قنبرپور بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں ایران و پاکستان سے جڑے مسائل کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں سکیورٹی و سرحدی مسائل کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔