اے پی سی پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے،بیرسٹرسیف


پشاور(صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا  ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں اے پی سی صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے ہے، اے پی سی بلانا گورنر کا نہیں، منتخب حکومت کا مینڈیٹ ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ گورنر اے پی سی کے بجائے وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے مرکز سے صوبے کے بقایاجات لیں، وہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو بننے کی ایکٹنگ نہ کریں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ صوبے کا چیف ایگزیکٹو وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہیں، وہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھا رہے ہیں۔مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوانے کہا کہ کرم کا معاملہ وزیرِ اعلیٰ بہترین طریقے سے حل کر رہے ہیں، ان کی ہدایت پر حکومتی جرگے نے فائر بندی اور میتوں کی حوالگی یقینی بنائی۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم میں جان بچانے والی ادویات پہنچائیں، انہوں نے علاقے میں 400 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دی۔