اسلام آباد(صباح نیوز)ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے)نے اسلام آباد کے پانچ اہم ٹیچنگ ہسپتالوں میں پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتی کا اپنی نوعیت کا پہلا اور بڑے پیمانے پر انعقاد کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جو وفاقی دارالحکومت کے صحت کے شعبے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس تاریخی اقدام میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد امیدواروں نے مہارت اور تحریری ٹیسٹ میں حصہ لیا، جس نے شفاف اور مؤثر بھرتی کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او) اسلام آباد، فیڈرل میڈیکل کالج (ایف ایم سی)، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک، اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن ( نرم ) میں ہونا تھی ۔
سکریننگ کا عمل نومبر کے پہلے عشرے میں مکمل کیا گیا اس عمل میں سکلز ٹیسٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں تحریری ٹیسٹ ہوا ۔یہ تمام مراحل تین ماہ کی منصوبہ بندی اور نفاذ کے ساتھ مکمل کیے گئے، جو شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے ایچ ایس اے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔
بطور پیرامیڈیکل سٹاف بھرتی کے لئے48ہزار امیدواروں نے ٹائپنگ اور شارٹ ہینڈ کی رفتار کے لیے جدید امتحانات میں حصہ لیا، جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس مقصد کے لیے ایچ ایس اے نے 250 کمپیوٹر سٹیشنز پر مشتمل جدید کمپیوٹر لیب قائم کی، جس نے ماہرین کی زیر نگرانی مہارتوں کی جانچ کو انتہائی درست اور قابل اعتماد بنایا جبکہ ایک لاکھ امیدواروں نے تحریری ٹیسٹ میں حصہ لیا ۔اس تاریخی کامیابی پر چیف ایگزامینر اور ایچ ایس اے کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس، ندیم سجاد کیانی نیکہا کہ ہماری تمام ٹیموں بشمول سیکریسی، ویریفیکیشن، وینیو مینجمنٹ، اور سکیورٹی سیکشنز کی غیرمعمولی محنت اور لگن سے یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔