سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرے۔بھارت نے 5 اگست 2019کو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کرکے علاقے کو ایک کھلی جیل اور فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے گزشتہ 77سال کے دوران تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے اور وہ اپنی ظالمانہ پالیسی سے کشمیریوں کوڈرانے اوردھمکانے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ساتھ کالونی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرے۔