4 ماہ میں پاکستان کو بیرونِ ملک سے 1 ارب 72 کروڑ ڈالرز موصول


اسلام آباد(صباح نیوز )اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی فنانسنگ سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ دستاویز کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان کو 1 ارب 72 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے، سالانہ ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 8.88 فیصد فنڈز ہی حاصل ہو سکے۔ رواں مالی سال بیرونِ ملک سے مجموعی طور پر 19 ارب 39 کروڑ ڈالرز ملنے کا تخمینہ تھا، پاکستان کو 4 ماہ میں آئی ایم ایف سے ملنے والے 1 ارب ڈالرز اس کے علاوہ ہیں۔ ملکی پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں کمی ریکارڈ دستاویز کے مطابق جولائی تا اکتوبر مجموعی طور پر 2 ارب 72 کروڑ ڈالرز کی بیرونی مالی معاونت ملی، پاکستان کو اس دوران مختلف ممالک سے 25 کروڑ 98 لاکھ ڈالرز حاصل ہوئے جبکہ دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 72 کروڑ ڈالرز سے زائد فراہم کیے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان نے جولائی تا اکتوبر 20 کروڑ ڈالرز کا کمرشل قرضہ بھی لیا، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں چار ماہ کے دوران 54 کروڑ 21 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری آئی۔ دستاویز کے مطابق رواں مالی سال 9 ارب ڈالرز کے چینی اور سعودی ڈیپازٹس میں توسیع ملنے کا امکان ہے، اس میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالرز اور چین کے 4 ارب ڈالرز کے ڈیپازٹس شامل ہیں۔