پشاور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن نے پشاور کے علاقے نشتر آباد میں تھیلیسیمیا کے علاج اور بچاؤ کے لیے الخدمت تھیلیسیمیا سنٹر کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور اس مرض کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ، مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹر فخر زمان ،الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص، ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب، الخدمت ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اقتدار احمد، ڈاکٹر نوید شریف اور دیگر معززین نے شرکت کی اور تھیلیسیمیا سنٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور الخدمت تھیلیسیمیا سنٹر کا قیام تھیلیسیمیا کے مریضوں کی زندگی بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر میں اس وقت لگ بھگ ایک لاکھ کے قریب تھیلیسیمیا کے مریض موجود ہیں جبکہ ہر سال پانچ سے چھ ہزار بچے تھیلیسیمیا کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ الخدمت تھیلیسیمیا سینٹر میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کی تشخیص، علاج اور آگاہی کے حوالے سے بھرپور خدمات انجام دی جا سکیں۔
فخر زمان نے الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت جیسے فلاحی ادارے قوم کیلیے امیدکی ایک کرن ہیں، الخدمت تھیلیسیمیا سنٹر جیسے منصوبے زندگی بچانے اور تھیلیسیمیا کے شکار افراد کی زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔