نومئی کے مقدمے میں 10 پی ٹی آئی کارکنوں کو چار چار سال قید کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی کے پہلے مقدمے میں پی ٹی آئی کے دس کارکنوں کو چار چار سال قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے حوالے سے درج پہلے مقدمہ میں پی ٹی آئی کارکنان کی سزا کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، یہ فیصلہ جج طاہر عباس سپرا نے جاری کیا ہے جو کہ 15 صفحات پر مشتمل ہے۔پی ٹی آئی کے دس ملزمان کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر چار چار سال قید کی سزا سنادی گئی، ضمانت پر رہا ہونے ملزمان کو دفعہ 341 میں ایک ایک ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

دفعہ 186 میں ملزمان کو تین تین ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی، دفعہ 353 میں ملزمان کو دو دو سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی، دفعہ 188 میں ملزمان کو چھ چھ ماہ قید اور تین تین ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی اور دفعہ 149 میں ملزمان کو تین تین سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔تحریری فیصلے کے مطابق اشتہاری قرار دیئے گئے چھ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، ملزمان کے خلاف دفعہ 382 اور 436 ثابت نہیں کی جاسکی، ملزمان کا تعلق ایک سیاسی پارٹی سے بتایا گیا لیکن شکایات میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی گئی، ملزمان کو دہشت گردی سمیت دفعہ 382 اور 436 میں بری کیا جاتا ہے