اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے جمعہ کو اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات افغان سفارت خانے میں افغان سفیر کی دعوت پر ہوئی ۔ اس ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی متعد تجاویز پر بات ہوئی – افغان سفیر نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کو کابل کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔
آصف لقمان قاضی نے افغان سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا پیغام امیر جماعت اسلامی پاکستان تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر افغان سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کا کابل میں استقبال کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ عوامی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ حاصل ہو ۔ اس موقع پر آصف لقمان قاضی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام تاریخی دینی ، تہذیبی اور اقتصادی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ باہمی روابط کو مضبوط تر بنانے سے اور بات چیت کے ذریعے مشترکہ مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے ۔ طرفین کے درمیان غلط فہمیوں سے دشمن فائدہ اٹھاتا ہے ۔