اسلام آباد(صباح نیوز)سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی جانب سے اپنے شوہر عمران خان کی حکومت کے خاتمے میں مبینہ غیر ملکی سازش کے حوالے سے کیے گئے دعووں کو سو فیصد جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھ نہیں آتی کہ اس خاتون کو مسئلہ کیا ہے۔برادر اسلامی ملک پاکستان کا محسن ہے ، بشری بی بی کے دعووں پر رد عمل دیتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل(ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ نے انہیں 100 فیصد جھوٹ قرار دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کبھی خراب نہیں رہے، بشری بی بی نے لوگ اکھٹا کرنے کیلیے شریعت کی باتیں کیں۔قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں اربوں ڈالر رول اوور کرکے دیے۔سابق آرمی چیف نے کہا کہ شریعت کے نفاذ سے متعلق کوئی ملک کیسے بات کرسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی کہ اس خاتون کو مسئلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے ہر مشکل دور میں پاکستان کی مدد کی، برادر اسلامی ملک پاکستان کا محسن ہے، مملکت نے عمران خان کے دور حکومت میں بھی ان کا خیال رکھا اور مدد کی۔قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ بشری بی بی نے سراسر غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ایسا بیان نہیں دینا چاہیے جس سے قومی مفادات کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا گیا۔