وفاقی وزیر داخلہ کا نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ کے فنڈز کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا۔نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے تمام اے ایس پیز اور پولیس جوانوں کو آج کا دن مبارک ہو ، آپ عوام کی خدمت میں کامیاب ہوگئے تو سب چیزوں میں کامیاب ہیں، اگر آپ پولیس افسر عوام کیلئے کچھ نہیں کررہے تو اس کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی ایک اچھا ادارہ ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کی اکیڈمی بنانا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی میں ابھی کئی چیزوں کی کمی ہے، ہم نے اس کام کیلئے ایک ٹاسک فورس بنادی ہے، خواہش ہے اگلے سال یہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی طرز کی ہو، یہاں آفیسرز سزا کے طور پر تعینات نہ ہوں، فوج کی طرح یہاں بھی بہترین آفیسرز تعینات کئے جائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ خواہش ہے یہاں تعینات ہونے والے آفیسرز کے الائونسز بھی بہتر ہوں، اس اکیڈمی کو ایک سال میں پی ایم اے کے طرز کی اکیڈمی بنائیں گے، میں یہاں 50کروڑ کا بندوبست کرکے آیا ہوں، ہم اس اکیڈمی کیلئے فوری 50کروڑ روپے لگائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور والا ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بھی پاکستان کا بہترین سینٹر ہے، ہمیں آفیسرز کی ٹریننگ یہاں ہی کرنی ہے بجائے اس کے کہ ہم یہاں کے پولیس آفیسرز کو دوسری جگہ ٹریننگ کیلئے بھیجیں، ہمیں نیشنل پولیس اکیڈمی میں بہترین آفیسرز لانے ہیں،

اس وقت ہر فیلڈ کے آئی جی صاحبان یہاں موجود ہیں، سب سے پہلی ترجیح آپ کا صوبہ ہے۔انہوںنے کہا کہ اس اکیڈمی کے ساتھ اپنا لگائو برقرار رکھیں، ان 10افسران نے روزانہ کی بنیاد پر بہت سارے فیصلے کرنے ہوتے ہیں، ہم افسران کیلئے مختصر کورسز پر بھی کام جلد شروع کریں گے، جو آفیسرز گریجویٹ ہورہے ہیں ان دوبارہ مبارکباد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ پاس آئوٹ ہونے والے افسران اور پولیس جوانوں کو کامیاب کرے۔  پولیس افسران اپنی ذمہ داریوں، عوام کی خدمت اور ادارے کی ترقی پر توجہ مرکوز کریں،پولیس اکیڈمی میں بطورسزا افسران کو تعینات کرنے کی روایت ختم کرنا ہوگی۔