ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی ٹراما سینٹر کوئٹہ میں زیر علاج ریلوے سٹیشن دھماکے کے زخمیوں کی عیادت


کوئٹہ (صباح نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے ٹراما سینٹر کوئٹہ میں زیر علاج ریلوے سٹیشن سانحے میں زخمیوں کی عیادت کی اور  انکی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے  ہوئے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

 اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ،حکومت ملکی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنیوالے شرپسند عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے ، دہشتگردی کی عفریت کا خاتمہ کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز قابل قدر کردار ادا کررہی ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بحیثیت قوم متحد ہوکر ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے دہشتگردی کے خاتمہ ہم سب کا مشترکہ مشن ہے ۔ بلوچستان  سینٹرل ایشیا کا گیٹ ویاور معاشی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،

ریلوے سٹیشن پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے ، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کاسفر ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا اس موقع پر صوبائی وزرا میر سلیم احمد کھوسہ اور راحیلہ حمید درانی نے بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے صوبے کے امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا ۔