سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس ،عوامی مجلس عمل،جموں وکشمیر ماس موومنٹ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے میرواعظ مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق دے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں میر واعظ محمد احمد شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیاہے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں عوامی مجلس عمل نے معروف عالم دین اور آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدر میر واعظ یوسف شاہ کے فرزند میر واعظ مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پرسرینگر میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس کے شرکا نے اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات پر مرحو م کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ مرحوم کی قابل ذکر تصنیف “تفسیر بیان الفرقانریڈیو پر نشر ہوتا رہا اور بے شمار لوگ اس سے مستفید ہوئے۔
اجلاس میں مجلس کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق اور مرحوم کے فرزند مولوی محمد یحیی سمیت پورے میرواعظ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ پیر کو جامع مسجد سری نگر میں ادا کی گئی کی جائے گی۔مولوی محمد احمد شاہ گزشتہ روز اسلام آباد میں انتقال کر گئے ۔ وہ ممتاز میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کے فرزند اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کے چچا تھے۔ ان کی نماز جنازہ جامع مسجد، بحریہ انکلیو اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی ، ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون ، اور دیگر نے ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کے بیٹے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کے چچا بزرگ کشمیری رہنما میرواعظ مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک طافتور آواز اور ہمدرد سے محروم ہوگئے، مرحوم ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے انصاف پر مبنی حل پر زور دیتے رہے۔
اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں ان کی پوری تنظیم غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے ،انہوں نے میرواعظ مولوی محمد احمدشاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مذہنی ،دینی سماجی خدمات کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا