مظفر آباد: حزب المجاہدین کے نائب امیر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر سیف اللہ میرکی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،انہوں نے اپنے لہو سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیار ی کی۔ ۔ اِن خیالات کا اظہار ان کی چوتھی برسی پر بلائی گئی ایک تقریب سے نائب امیر سیف اللہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر رنگریٹ سری نگر میں یکم نومبر 2020 کو بھارتی افواج کے ساتھ ایک جھڑپ میں شہادت سے سرفراز ہوئے۔
ڈاکٹر سیف اللہ میر اعلی تعلیم یافتہ نوجوان تھے انہوں نے دنیا کی رنگینیوں کوچھوڑ کر اللہ کے راستے میں نکلنے کا فیصلہ کیا تھا اور8 اکتوبر 2014 کو حزب کی صفوں شمولیت اختیار کی تھی۔ میدان کارزار میں سخت ترین حالات میں کبھی بھی صبر کے دامن کو ہاتھ سے نہ چھوڑااور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکرمجاہدین کی صفوں کو مظبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مجاہدین کی نہ صرف عسکری بلکہ ذہنی اور فکری تربیت کا اہتمام کرنے میں دن رات ایک کیا، یہی وجہ ہے اتنی بڑی فوج کے سامنے مجاہدین کشمیر نے کبھی کسی قسم کی کمزوری نہیں دکھائی بلکہ جذبہ جہاد سے سرشار مجاہدین نے قابض بھارتی فوج کی نیندیں حرام کی ہیں ۔
نائب امیرحزب نے کہا شہدا کی لاکھوں قربانیوں کے باوجود ہم اپنی منزل کی طرف گامزن ہیں،اللہ تعالی ضرور وہ دن بھی دکھائے گا جب ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے۔ہمیں یقین ہے کہ خدا کی بارگاہ میں یہی شہادتیں قوموں کی بہتر تقدیر بنانے کا وسیلہ بن جاتی ہیں۔ نائب امیر حزب سیف اللہ خالد نے جملہ شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان شااللہ شہدا کا مقدس خون ضرور رنگ لائے گا اورکشمیری قوم آزادی کی صبح ایک دن ضرور دیکھے گی۔