لاہور (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ اس وقت محاذ آرائی کا ماحول نہیں ہے۔
لاہور میں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبا اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الہی سے کل گفتگو ہوئی ہے، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں،
پرویز الہی نے گلے شکوے کیے مگر کہا کہ آخر تک حکومت کے اتحادی رہیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ میں کوئی پی ایچ ڈی ڈاکٹر نہیں، زندگی میں سب کچھ خود سیکھا، ٹاٹ اسکول سے سیکھا کہ سیاست میں اپوزیشن کروں گا، سیکھا لیڈر بنوں گا، ایک استاد وزیراعظم اور وزیراعلی سے زیادہ اہم ہے۔ اساتذہ اس پیشے سے وہ دے سکتے ہیں جو ملک کا وزیراعظم، وزیراعلی تک نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا افسوس ہے جامعات نے عالمی رینکنگ میں جگہ نہیں بنائی، کیا عالمی جامعات میں لوگوں کو ڈبل دماغ یا آنکھیں لگی ہیں، طلبا اور اساتذہ کا مقابلہ لاہور یا پاکستان نہیں بلکہ عالمی جامعات سے ہونا چاہیے۔
اسد قیصر نے کہا ہم سیاستدانوں کی وہ عزت نہیں جو استاد کی ہے، لاہور میں نجی جامعات بہترین کام کررہی ہیں، ایک نجی یونیورسٹی بنانے کی خواہش رکھتا ہوں۔