کراچی (صباح نیوز) ناظمہ صوبہ سندھ حلقہ خواتین جماعت اسلامی رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں خلیفتہ فی الارض کی بھاری ذمہ داری سونپی ہے اس ذمہ داری کی احسن ادائیگی اور اللہ سے اپنے عہد کی حفاظت کے لیے ہی ہماری جماعت ہماری بہترین مدد و معاونت فراہم کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ناظمہ صوبہ سندھ حلقہ خواتین جماعت اسلامی رخشندہ منیب نے ضلع شرقی کے تحت منعقدہ ارکان جماعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حقیقی رکن اپنے حلف کے تمام تقاضوں کو پورا کرتا ہے. اس کا علم و فہم، مطالعہ، خود احتسابی، ،س کا ہر فعل و عمل اس عہد کے تابع ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد ہمارا انفرادی کچھ نہیں رہتا ۔ ہم چلتے پھرتے جماعت اسلامی کی دعوت کا نمونہ بن جاتے ہیں ۔بعد ازاں ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے اپنے خطاب میں زندگی کے اہم پہلووں و معاملات کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں مکمل اخلاص کے ساتھ آپس کے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے اور ایک دوسرے کا دست بازو بننا ہے۔اپنے گھروں کے ماحول اور بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔ بشری کمزوریوں پر تحریک اسلامی کی بقا اور سلامتی کو مقدم رکھیں ۔ اپنے تعلقات اور رہن سہن دعوتی پیرائے میں ڈھال لیں ۔ دو رنگی اور منافقت سے پاک اخلاقیات ہی تحریک کا بنیادی سرمایہ ہیں۔
عالمی منظرنامہ اور درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے امیر ضلع وسطی وجیہ الحسن نے کہا کہ ارکان جماعت اسلامی کو حالات سے آگہی ضروری ہے تاکہ اگلی پالیسیز وضع ہو سکیں ۔ ہمارا نصب العین نبوی مشن ہے ۔ یہ عالمگیر مشن ہے تو اسی تناظر میں حکمتِ عملی بھی ملکوں ، علاقوں کے حالات کے مطابق ڈھالی جاتی ہے۔ علاقاء اور عالمی منظرنامے کو جانے بغیر کوئی پالیسی ہمیں فایدہ نہیں پہنچا سکتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مومن پوری دنیا پر نظر رکھتا ہے ۔ لیکن علاقائی تناظر میں مقامی جدوجہد کے ذریعے عوامی تائید کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔آخر میں احتساب سیشن کے دوران ناظمہ ضلع شرقی اور ان کی ٹیم سے شرکا اراکین نے سوالات کئے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔