ہمارے حکمرانوں کا بھارت سے دوستی اور محبت کی پینگیں بڑھانا کشمیر کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،رخشندہ منیب

کراچی( صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب  نے  یوم سیاہ پر اپنے  خصوصی بیان میں کہا  ہے کہ  آج سے 76 سال قبل 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی حکومت نے اپنی فوجیں کشمیر کی سرزمین پر اتاریں۔ ان سات دہائیوں میں کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایاگیا لیکن کشمیریوں نے ان کے ظلم کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے بلکہ بھارتی افواج کے ظلم کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے بھارتی فوجیوں نے تقریبا پانچ سو اہم کشمیری رہنماؤں کو قید میں رکھا ہوا ہے یا گھروں میں نظر بند کیاہوا ہے۔

ان رہنماؤں کو کوئی بھی سہولت فراہم نہیں کی گئی’ یہاں تک کہ ان کی بیماری کی صورت میں انہیں ڈاکٹرز تک پہنچنے نہیں دیا جاتا۔  معروف کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر ان کے اہلِ خانہ کو ان کی وصیت کے مطابق تجہیز و تکفین کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ کشمیری مجاہدین کی 74سالہ آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی کہہ کر روک سکے گا۔ یہ جدوجہد ہر آنیوالے دن میں برہان وانی اورریاض نیکو جیسے نوجوانوں کی شہادت سے مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔۔ناظمہ صوبہ نے کہا کہ بھارت خود ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے۔ ماورائے عدالت قتل، عورتوں کی بے حرمتی، جبری گمشدگی، املاک کی تباہی رہنماؤں کی گرفتاری اور پیلٹ گنوں کا استعمال بھی کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو متزلزل نہیں کرسکا اور ان حالات میں ہمارے حکمرانوں کا بھارت سے دوستی اور محبت کی پینگیں بڑھانا کشمیر کی تحریک آذادی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جسم کا انتہائی اہم حصہ ہے جس کا کسی صورت الگ نہیں کیا جا سکتا ہے اس لئے حکومت کشمیر کی آزادی تک بھارت سے تمام تعلقات کا خاتمہ کریں