ملک کے معروف سائنس دان،رکن جماعت اسلامی سید مصدق علی شاہ انتقال کرگئے

کراچی(صبا ح نیوز)ملک کے معروف سائنس دان،  ہمارے مربی، رکن جماعت اسلامی سید مصدق علی شاہ دو ماہ کی علالت کے بعد انتقال کرگئے،مصدق علی شاہ قومی اہمیت کے ادارے سپارکو میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے اور ملک کو دفاعی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اْن کی نمازجنازہ اٹاوہ سوسائٹی کی مسجدالحمد احسن آبادمیں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ سمیت نئی کراچی، نارتھ کراچی کے احباب،جماعت اسلامی،جے آئی یوتھ اورجمعیت کے ذ مہ داران نے بڑی تعداد میں  شرکت کی۔

مرحوم سید مصدق علی شاہ سابق ناظمہ صوبہ سندھ رقیہ فردوس کے صاحبزادے اور سینئر صحافی ممبرکراچی پریس کلب سلمان علی کے سسر تھے۔وہ 1960 کی دہائی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور مرکز جمعیت کے رکن رہے۔پاکستان شپ اونرز کالج میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیئے ، بعد ازاں فزکس کے شعبے میں اپنی اعلی تعلیمی قابلیت کی وجہ سے اہم ملکی دفاعی ادارے میں ریسرچ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات دیتے رہے۔قبل ازیں انہوں نے اسی ادارے میں پاکستان کی ایٹمی قوت بننے کے پروجیکٹ میں بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔اپنے اہل خانہ کو اسلامی تحریک سے وابستہ کیا اور خود بھی جماعت اسلامی کے علاقے نئی کراچی و نارتھ کراچی سے دیرینہ رکن اور مقامی سطح پر اسلام کی دعوت کے مربی و مدرس بھی رہے۔چھ ماہ قبل انکو کینسر کا مرض تشخیص ہوا اور مقامی ہسپتال میں دوران علاج وہ اپنے اہل خانہ کو سوگوار چھوڑ گئے۔

مرحوم سید مصدق علی شاہ کی والدہ سابق ناظمہ صوبہ سندھ رقیہ فردوس ابھی بفضل الٰہی حیات ہیں، اہلیہ حلقہ خواتین کی دیرینہ رکن ،چھوٹی ہمشیرہ جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ رہیں اور ایک ہمشیرہ مقامی ضلع کی ناظمہ ہیں۔ امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا و دیگر ذمہ داران نے سابق ناظمہ حلقہ خواتین سندھ رقیہ فردوس کے صاحب زادے اور سینئر صحافی سلمان علی کے سسر کی وفات پر دلی رنجوغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔