کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے تحت نیو کراچی گودھرا میں دوبڑی سڑکوں دارالعلوم رحمانیہ روڈ سیکٹر 11G اور پٹنی مدرسہ روڈ سیکٹر 11F کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیئرمین یوسی 10 فیصل احمد قاری ،کونسلرز و علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ ٹاؤن و یوسی چیئرمینز سمیت ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے 11-Gاور 11-Fکے عوام کودو بڑی سڑکوں کا تحفہ دیا ، 11-G،25ہزار اسکوائر فٹ اور11-F،61ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل سڑکیں ہیں ۔شفیق موڑ تا اللہ والی 7000فٹ سڑک بنانے کی ذمہ داری قابض میئر کی ہے ،وہ اس سڑک کو بنانے سے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں ، ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ، ان کاتعاقب جاری رکھیں گے اور یہ سڑک بھی ضرور تعمیر کروائیں گے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی علامت و شناخت ماضی میں بھی خدمت ودیانت تھی ،آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی ، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو چار چاند لگادیے اورریکارڈ مثالی ترقیاتی کام کروائے تھے ۔اہل کراچی کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کے تاریخی ادوار میں جوسہولیات فراہم کی گئیں وہ کسی اور نے فراہم نہیں کیں۔آج کراچی میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن اور87یوسی چیئرمینز ہیں ، جنہوں نے محدودوسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود صرف 11ماہ میں 110پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا ،گلیوں میں تقریباً40ہزار اسٹریٹ لائٹس لگوائیں ،پینے کے پانی اورسیوریج کے مسائل حل کروائے اور آج دو بڑی سڑکوں کا افتتاح بھی کیا ، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز وہ کام بھی کررہے ہیں اور عوام کے وہ مسائل بھی حل کروانے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی ذمہ داری اور دائرہ کار میں بھی نہیں آتے ۔ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، ہم ماضی کی طرح آج بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ہم کراچی کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے، تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے اورصوبے پر قابض پیپلزپارٹی کی حکومت سے کراچی کے شہریوں کا حق چھین کرلیں گے ۔
محمد یوسف نے کہاکہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے شب روز مصروف ہیںاوربلا رنگ و نسل و مذہب بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں ،ہم نے سیکٹر 11-Gگودھرا کالونی میں کپڑا مارکیٹ ایسوسی ایشن اور عوام کے مطالبے پر اس سڑک کی تعمیر کو مکمل کیا ہے جو عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اسی طرح سیکٹر 11-D,11-E,11F میں بھی سڑکوں کی تعمیر کو ممکن بنایا ہے آج ہم اپنے وعدوں کے مطابق دستیاب وسائل سے بڑھ کر عوام کے مسائل کو حل کررہے ہیں ،نیو کراچی ٹاؤن کو مسائل سے پاک ٹاؤن بنائیں گے ۔ #