27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی

 سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ 27  اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور1947 میں اس روز بھارت  نے فوجی طاقت پر کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، دنیا بھر میں کشمیر ی 27   اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منا کر عالمی برادری پر ایک دفعہ پھریہ واضح کریں کہ کشمیر ی کسی صورت مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا جابرانہ اور غیرقانونی قبضہ تسلیم نہیں کرتے ہیں،

بھارت نے کشمیریو ں کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعے غیرقانونی قبضہ کیا ہوا ہے ، 27   اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ 27اکتوبر کشمیر کی تاریخ کاوہ سیاہ ترین دن ہے جب 1947میں بھارت نے رات کے اندھیرے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی افواج کشمیر میں داخل کی اور جموں وکشمیر پر غیرقانونی طریقے سے حملہ آور ہوا تھا اور اس دن سے اج تک  بھارت کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنے جابرانہ قبضے کو طول دینے کے لئے کشمیریو ں کا قتل عام اور ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے،انہوں نے کہاکہ27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سب سے المناک دن ہے کیونکہ 1947 میں اس روز بھارت  نے فوجی طاقت پر کشمیریوں کے ان تمام بنیادی پرحقوق پر ڈاکہ ڈالا جن کی ضمانت اقوام متحدہ کے چارٹر میں دی گئی ہے۔

فریدہ بہن جی نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے بھارتی سفارت خانوں، اقوام متحدہ کے دفاتراور تاریخی مقامات کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا پر واضح کریں کہ کشمیری کسی صورت بھارت کے کشمیر پر غیرقانونی اورجابرانہ قبضہ تسلیم نہیں کرتے،کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل ہونا اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق ابھی باقی ہے ،سینئر حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کشمیریو ں کی جدوجہد کو کچلنے کے لئے مختلف حربے اور مذموم منصوبے استعمال کررہا ہے ،مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت تمام کشمیری مسلمانوں کو ختم کرنے اور مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی خطہ میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت بھارت کوجلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کریں گے۔۔