کراچی(صباح نیوز) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ تیسرے مرحلے میں 749بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی جس کے بعد 1623 بچوں کی اسکریننگ مکمل ہوگئی ہے۔ مجموعی طور پر 2200باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جارہی ہے ۔ الخدمت میڈیکل سینٹر بہار کالونی لیاری اور الخدمت میڈیکل سینٹراورنگی میں باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا ۔ جہاں ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں ،دانت،ناک ،کان ،گلے اور جنرل امراض کا معائنہ کیا ۔بڑی تعداد میں بچوں کی مائیں اور سرپرست بچوں کے ساتھ موجود تھے ۔
اس موقع پر سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید اور ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین و دیگر ذمہ داران نے میڈیکل سینٹرز کا دورہ کیا اور وہاں اسکریننگ کے عمل کا معائنہ کیا ۔ڈاکٹروں نے بچوں کیلئے دوائیں تجویز کیں اور انہیںمشورے دیئے، متعدد بچوں کو آنکھوں اور دانتوں کا علاج تجویز کیا گیا جو الخدمت کی جانب سے مفت کروایا جائے گا ۔اس موقع پر سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے کہا کہ الخدمت باقاعدگی کے ساتھ باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کرواتی ہے ۔اس کا مطلب ہے کہ الخدمت جن بچوں کی کفالت کررہی ہے ان کی صحت سے متعلق بھی فکر مند رہتی ہے ۔یتیموں کی کفالت نہایت ثواب کا کام ہے مگر ا ن کی مکمل دیکھ بھال کرنا ،ان کی صحت کا خیال رکھنا اور بھی باعث اجر وثواب ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ الخدمت کا قابل تقلید کام ہے ،لوگوں کو اس سے مثبت پیغام ملتا ہے ۔یوسف محی الدین نے کہا کہ سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا تیسر امرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ آخری مرحلہ بھی جلد مکمل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ باہمت بچے ہمارے اپنے بچے ہیں ۔ان کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کا خیال رکھنا الخدمت اپنا فریضہ سمجھتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی بچے کل کا روشن مستقبل ثابت ہوں گے ۔