چارسدہ(صباح نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ضلع چارسدہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ اور فیملی فن گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر کے ہمراہ موبائل ہیلتھ یونٹ،مختلف میڈیکل، ہومیوپیتھک اور فری آئی کیمپ کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ آس موقع پر شاہ حسین ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی ضلع چارسدہ اور پیر مسعود جان صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع چارسدہ بھی موجود تھے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی اس محفل کے حقیقی مہمان خصوصی یہ خوبصورت بچے اور بچیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا ہے، ہمارے معاشرے میں والدین کی وفات کے بعد یتیم سمجھا جاتا ہے، لیکن اصل میں یتیم وہ ہے جس کا معاشرے میں کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جس مقصد کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، وہ یہ ثابت کرنا ہے کہ یہ تمام بچے یتیم نہیں ہیں بلکہ ہم سب کے بچے ہیں اور یہ ہمارے لئے نجات کا ذریعہ بھی ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ انسانی خدمت کا کام زندگی کا اصل مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ میری ہمیشہ خواہش ہوتی ہے کہ ایسے کاموں کا حصہ بنوں جو انسانیت کی فلاح کے لیے کیے جائیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے انسانی فلاح کے ہر پراجیکٹ میں الخدمت فاؤنڈیشن کی شراکت کو سراہا ہے۔ انہوں نے تھیلیسیمیا سینٹر کے لیے زمین کے حوالے سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی زمین فراہم کر دی جائے گی۔ اپنے خطاب کے آخر میں، مشیر اطلاعات نے بچوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ نے مایوس نہیں ہونا ہے، بلکہ معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے اور ہر میدان میں انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔