رات کی تاریکی میں پارلیمانی روایات کو پامال کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کی آزادی کو ختم کرنے کیلئے ترمیم کو تسلیم نہیں کرتے،کاشف سعید شیخ

لاڑکانہ (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں پارلیمانی روایات کو پامال کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کی آزادی کو ختم کرنے کیلئے ترمیم منظور کرنے اور سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے پائوں کے نشانات سندھ کے حکمرانوں کی طرف نشاندہی کررہے ہیں جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی اور دینی جماعت ہے جومورثیت سے پاک جماعت ہے جس کے اندر ہر سطح کی قیادت کیلئے باقاعدہ انتخاب ہوتا ہے ملکی اقتدار پر قابض ٹولے کی لگام خفیہ ہاتھوں کے پاس ہے جن کا ان پرکوئی بس نہیں چلتا، مہنگی بجلی،پیٹرول،گیس،صحت اور تعلیم سمیت ہر قسم سہولیات نہ ہونا اور بدامنی ،ڈاکو راج کاخاتمہ کرنا حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے کیوں کہ ان کو عوام کے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ کے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں لاڑکانہ ہائی کورٹ بار کے سابق صدر عاشق دھامراہ، ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ،محبت علی کھوڑو جے یوآئی،ڈاکٹر مظہر علی مغل ایس یوپی،علامہ عمران علی مجلس وحدت المسلمین، علامہ علی اصغر جنتی شیعہ علماکونسل، عزیز احمد قاسمی پی ٹی آئی، حافظ روشن انقلابی جمعیت علماء پاکستان، احمد بخش کورائی نواز لیگ سمیت شہر کے مختلف سیاسی، سماجی،دینی تنظیموں،ڈاکٹرز،انجنیئرز،صحافیوں اور تاجرتنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ (ن)لیگ ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام حکمران جماعتوں نے مقدرقوتوں کی تعبداری اور وفاداری میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی ریس لگارکھی ہے جبکہ عوام آج بھی بھوک، بدحالی اور مفلسی کا شکار ہے،26آئینی ترمیم کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ کی آزادی پر ڈاکے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے،

انہوں نے پیپلزپارٹی،(ن)لیگ اور جے یو آئی کی جانب سے آئینی ترمیم پاس کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی امیدوں کا آخری سہارا سپریم کورٹ ہے جس کو یرغمال بنانے،تاحیات بادشاہت قائم اور عوام کو نسل درنسل غلام بنانے کے منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے،پیپلزپارٹی حکومت وفاق میں بڑے عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود دریائے سندھ سے چولستان سمیت چھ مزید کینال نکالنے کی سازش میں برابر کی شریک ہے کیوں کہ ان کو سندھ دشمن اقدامات کی شرائط پر صوبے اور مرکز میں اقتدار دیا گیا ہے اسلئے وہ سندھ دشمن منصوبوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جماعت اسلامی دیگر سندھ دوست جماعتوں کے ساتھ مل کر دریائے سندھ پر مزید کسی بھی کینال اور ڈیم تعمیر کرنے کیخلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔