پشاور(صباح نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے تعلیم کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، ماہانہ تعلیمی وظائف سے ساڑھے 5 لاکھ طلبا مستفید ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں داخلہ لینے پر بچوں کو 1000 روپے ماہانہ دیئے جائیں گے، سرکاری سکولوں کی بچیوں کو ماہانہ 500 روپے کے وظائف دیئے جائیں گے،
اس کے علاوہ کارڈ کے تحت 506 ذہین طلبہ کو ایٹا سکالرشپس بھی دی جائیں گی، تعلیم کارڈ سے خیبر پختونخواہ کے 9 اضلاع میں 40 ہزار بچے مستفید ہوں گے، ان اضلاع میں کوہستان، کولئی پالس، تورغر، چترال ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان بھی شامل ہیں۔ تعلیم کارڈ سے خیبر پختونخوا کے 9 اضلاع میں 40 ہزار بچے مستفید ہوں گے۔معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں ٹیچرز کی 11 ہزار 978 آسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے لیے ٹیسٹ انعقاد کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے،
محکمہ ابتدائی تعلیم خیبرپختونخوا حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولز میں مختلف کیڈرسے تعلق رکھنے والے سکیل12اور15کے11ہزار978 زنانہ اور مردانہ ٹیچرز کی اسامیاں خالی ہونے کی نشاندہی کردی گئی ہے، اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی تعلیم نے مذکورہ اسامیوں پر بھرتی کیلئے ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایولیوشن ایجنسی کے ذریعے بھرتی کیلئے ٹیسٹ منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے جس کی روشنی میں آئندہ مہینے سے امیدواروں کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کرنے کا امکان ہے۔