مقبوضہ کشمیر میں شہید محمد اشرف ڈارکا مشن آج بھی جاری وساری ہے،سید صلاح الدین


مظفر آباد(صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد  نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے مسلح جدوجہد کے بانی اور سرخیل محمد اشرف ڈارکا مشن آج بھی جاری وساری ہے۔اس مشن کی آبیاری او ر اس سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم پر قرض اور فرض ہے۔

سید صلاح الدین احمد نے شہید محمد اشرف ڈار کے 32 ویں یوم شہادت کے موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا شہید کی زندگی ایک کھلی کتاب کی مانند ہے۔وہ ایسے نقوش چھوڑ کر گئے ہیں جو آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے جنگلوں،وادیوں اور بیابانوں میں برہمن سامراج کے خلاف برسر پیکار سرزمین کشمیر کے فرزندوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔جس راستے کا انتخاب کرچکے تھے، بالآخر اپنی متاع عزیز بھی اسی میں قربان کی۔ وہ حزب المجاہدین کے بانیاں میں سے تھے۔شہید محمد اشرف ڈار نے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں جو شمع جلائی ہے اس شمع کی روشنی کو ماند نہیں بلکہ جلائے رکھنا زندہ ضمیر قوموں ،جماعتوں اور افراد پر فرض ہے۔اگر چہ وہ ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھتے تھے،لیکن راہ خدا میں انہوں نے اپنی سادگی سے قرون اولی کی یاد بار بار تازہ کرائی۔محمداشرف ڈار اپنے پیچھے ہزاروں اشرف ڈار چھوڑ کر گئے ہیں۔انہیں شہید شمس الحق اور شہید غلام رسول ڈار جیسے اساتذہ کی تربیت میسر رہی،جو خود بھی دشمن کے خلاف میدان جہاد میں لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ امیر حزب نے مزید کہا کہ بلاشبہ یہ انہی باکردار اور پاک نفوس کی قربانیوں کا  ثمر ہے کہ آج بھی جبر کے  ان حالات میں اہل کشمیر بھارتی سامراج کے خلاف برسر پیکار لاکھوں قربانیوں سے مزیں اپنی تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ا سے ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔یہ قربانیاں ہر حال میں وفا کا تقاضا کرتی ہیں اور فی زمانہ یہ تقاضا کرتی رہیں گی۔اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور ان کی قربانیوں کو تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن بنائیں