اجتماعیت کی مضبوطی کے لیے لازمی ہے کہ اس کا ہر رکن ذاتی اوصاف کا حامل ہو،عطیہ نثار

کراچی( صبا ح نیوز) ڈپٹی سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار نے کہا ہے کہ اجتماعیت کی مضبوطی کے لیے لازمی ہے کہ اس کا ہر رکن ذاتی اوصاف کا حامل ہو۔اسلام کا صحیح فہم ہو،اعلی اخلاق کا حامل ہو ،تعلق باللہ مضبوط ہو اورہر لمحہ اللہ کو جواب دہی کا احساس ہو۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار نے صوبہ سندھ کے اضلاع کی سہ ماہی رپورٹنگ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سمع و اطاعت اجتماعیت میں لازمی ہے۔اگر اجتماعیت کو مضبوط رکھنا و تقویت پہنچانا ہے تو نظم کی اطاعت لازمی ہے۔بعد ازاں ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے ممبر سازی مہم کے دوران کارکنان کی لگن و حوصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ باطل نظام کے سامنے اپنی قوت کو  مضبوط کرنے کے لیے خواتین نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے  کام کیا جس کی بدولت کثیر تعداد میں خواتین نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی وہ قابل تحسین ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ بڑی تعداد میں غیر مسلم خواتین نے بھی جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کی حمایت کی اور فارم بھرے جو اس کا بات کا ثبوت ہے کہ ہر طبقہ موجودہ حالات اور حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہے۔ انہوں نے سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے حاصل ہونے والے ہدف کی حوصلہ افزائی کی اور رہ جانے والے کاموں کی طرف نشان دہی کرتے ہوئے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔