26ویں ترمیم کے بعداب عوام کی آخری امید عدلیہ پر بھی حکومت کا کنٹرول ہوگا،کاشف سعید شیخ

کراچی ( صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیرکاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ مفاداتی سیاست نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ان کو مہنگائی بجلی گیس بحران سمیت عوام کے سلگتے مسائل اورعام آدمی کامعیار زندگی بھتر بنانے پرکوئی دلچسپی نہیں ہے۔26ویں ترمیم کے بعداب عوام کی آخری امید عدلیہ پر بھی حکومت کا کنٹرول ہوگا۔اس لحاظ سے یہ آئنی ترامیم  دستور وعدلیہ کے لیے سیاہ دن ہے۔اسلام آباد میں منڈی لگاکر ممبران کی خریداری اوررات کی تاریکی میں جس طرح پارلیمانی ترامیم کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ پر شب خون مارا گیا ہے وہ ملکی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ باب ہے، یہ عدلیہ پر کنٹرول کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ عدلیہ کی آزادی اورجمہوریت وقانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ذمے داران رابطہ عوام ممبرشپ مہم کوتیز کردیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے لوئرسندھ کے امرائے اضلاع سے زوم لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اجلاس میںدعوتی، تنظیمی صورتحال سمیت رابطہ عوام ممبر سازی مہم کا جائزہ بھی لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ میں تسلسل کے ساتھ تیسری باراقتدار میں آنے کے باوجود سندھ میں قیام امن سے لیکرصحت تعلیم کی سہولیات میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔کراچی سے کشمور پوراسندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔جماعت اسلامی کی حق دوعوام کو تحریک عوام کی آواز بن چکی ہے۔سندھ کی تعمیروترقی امن وخوشحالی کے لئے عوام جماعت اسلامی کا ممبربن کرحافظ نعیم الرحمان کی طاقت بنیں۔ جماعت اسلامی ہی عوام کو ظلم جاگیردوروں،وڈیروں وسرمایہ دروں اورڈاکوراج سے نجات دلاکر سندھ کو امن کو گہوارہ بنائے گی۔