کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جیسے مخلص کارکنان ملک میں کسی اور جماعت کے پاس نہیں ۔ یہی کارکنان جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال مسجد ابوالحسن اصفہانی روڈ میں جماعت اسلامی ضلع شرقی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
شاہد ہاشمی نے کہا کہ دنیا میں کروڑوں لوگ مولانا مودودی رحمتہ اللہ علیہ کے تصور دین کو مانتے ہیں ۔ مولانا مودودی کی تشریح دین سے آگے کوئی تشریح دین نہیں ۔ آج دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں نے مولانا مودودی کے تصور دین کو اپنا لیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کفر کی طاقتیں یہ سمجھتی ہیں ۔ کہ مولانا مودودی کا تصور اسلام نافذ ہوا تو ان کا اقتدار خطرے میں پڑ جائے گا ۔
شاہد ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک تنظیم اور تحریک کے علاوہ طرز زندگی بھی ہے ۔ جو اسلامی طرز زندگی جماعت اسلامی نے متعارف کروایا اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اپنے دور اقتدار میں دیگر مزاہب کے ماننے والوں کو عبادت کی مکمل آزادی دی ۔ لیکن یہ طے تھا اور ہے کہ ریاست، سیاست ،حکومت ،عدالت اور نظام معیشت اللہ کے قانون کے مطابق ہوگا۔