اسلام آباد(صباح نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے یونیورسٹی بزنس اینڈ لا سکول بکنگھم شائر برطانیہ کی ڈین سارہ ویلیم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ہلال احمر پاکستان خیبر پختونخوا چیپٹر کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی ، خیبرپختونخوا کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ، انٹرنیشنل سنٹر آف ایکسیلنس کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کی یونیورسٹیوں کو عالمی تقاضوں اور جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے ،ہمارے طلبہ باصلاحیت ہیں مگر انہیں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے،افسوس کہ ہم نے تعلیم پر وہ توجہ نہیں دی جو دینی چاہیئے تاہم مستقبل کی ترقی و خوشحالی کے لیئے ہمیں تعلیمی نظام کو مثالی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ اور یوتھ انگیجنٹ جیسے مقاصد کے حصول کیلئے عالمی معیار کی تعلیم کاحصول اور فروغ ضروری ہے ، ملاقات میں تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سارہ ویلیم نے خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیاجبکہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے برطانوی تعلیمی نظام کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وائس چانسلرز نے خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کی ترقی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات خیبرپختونخوا میں تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کی ایک مثبت پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔اس موقع پر پروفیسر سارہ ویلیم نے گورنر خیبرپختونخوا کو اپنی کتاب وویمن ورک ان پبلک ریلیشن بھی پیش کی۔