انقلابی تحریکوں میں ہمیشہ نوجوانوں کا کردار اہم رہا، حسن بلال ہاشمی

پشاور(صباح نیوز) ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے کہا کہ تعلیمی ادارے انقلاب کے مراکز ہیں۔ انقلابی تحریکوں میں ہمیشہ نوجوانوں کا کردار اہم رہا،حصول پاکستان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔بنگلہ دیش میں طلبہ اور نوجوانوں نے بے مثال کامیاب تحریک چلاکرمنزل تک پہنچی۔اسلامی جمعیت طلبہ کو تعلیمی اداروں میں مضبوط اور منظم بنانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہمارے طلبہ دین و دنیا دونوں میدانوں میں بہترین کردار ادا کر سکیں۔

تعلیمی ادارے جمعیت کی بنیاد ہیں اور ہمیں یہاں نظم و ضبط قائم رکھتے ہوئے طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت پر توجہ مرکوز رکھنی ہے۔تعلیمی اداروں میں اقامت دین اور قرآن وسنت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔انہوں نے مزید  کہاکہ کمیونزم قصہ پارہنہ بن چکاہے۔آج ماڈرنزم کا مقابلہ کرناہوگا۔تعلیمی اداروں میں جمعیت کی موجودگی کو مضبوط کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ طلبہ کو ایک مربوط پلیٹ فارم مل سکے جہاں وہ اپنے مسائل کا حل تلاش کریں اور اپنی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی حاصل کریں۔ ناظمین کا کردار اس حوالے سے انتہائی اہم ہے کہ وہ اداروں میں جمعیت کے نظم کو مزید بہتر اور مضبوط کریں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آشانہ گل ورسک دیر لوئر میں دو روزہ ملاکنڈریجن ناظمین کیمپ برائے کالجز وجامعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ناظم اعلی حسن بلال ہاشمی نیملاکنڈ ڈویژن کے مختلف ڈویژنز اور مقامات کے ناظمین کے ساتھ تنظیمی ملاقاتیں کیں اور اس دوران انہوں نے ناظمین کے کام کا تفصیلی جائزہ لیااور آئندہ کے لیے تعلیمی ونتظیمی اہداف کو مزید بہتر بنانے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی۔اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا وسیم حیدر،معاون معتمد صوبہ اسفندیار ربانی،سیکرٹری اطلاعات رومان ایوب،ریجن انچارج فرحت اللہ مجاہد،ناظمین  مقامات وڈویژنز محمد تیمور،معازخان،صدیق اللہ،عبیدالرحمن،رشید اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔