پشاور(صباح نیوز)ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی کی کال پراسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے تحت حماس کے سربراہ یحیی السنوار شہید کی غائبانہ نماز جنازہ سابق مرکزی ڈپٹی جماعت اسلامی پاکستان سید بختیار معانی کی امامت میں اداکی گئی۔نماز جنازہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین، جماعت اسلامی ادینزئی کے امیر ڈاکٹر بشیر محمد،ڈائریکٹر آشیانہ گل ورسک رحیم اللہ ایڈوکیٹ سمیت ملاکنڈ ڈویژن بھر سے تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی،جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا آفتاب حسین،سابق مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان سید بختیار معانی نے نماز جنازہ کے شرکا سے خطاب کیا۔
جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا آفتاب حسین نے نماز جنازہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یوم شہادت اور یوم عزم کا دن ہے،حماس کے سربراہ یحیی السنوار امت مسلمہ کے سربراہ تھے۔وہ عظیم مجاہد رہنما، جرات و استقامت کا استعارہ اور آزادی و مزاحمت کی تحریکوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان کی شہادت کا بدلہ لینا عالم اسلام پر فرض ہے فلسطین کا جہاد جاری ہے،خواتین و بچوں سمیت 43 ہزار سے زائد فلسطینی مسلمانوں شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یحیی السنوار کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔