جماعت اسلامی خواتین ضلع وسطی کے تحت تربیتی کورس کی تقریب ِ تقسیم ِ اسناد کا انعقاد

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کے تحت علاقہ فاروق اعظم شادمان ٹاؤن میں کارکنان کے لیے چھ روزہ تربیتی کورس کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب منعقد کی گئی،مہمان خصوصی نائب ناظمہ ضلع وسطی نائلہ ہمایوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف قرآن پاک سے جڑنے میں ہے،

اپنے رب کو راضی کرنے کی کوشش کرنا ہی اہم فرض ہے،اس کام میں اللہ کے دین کے نفاذ کی جدوجہد نمایاں مقام رکھتی ہے،ان لوگوں کو دوست بنائیں جن کو دیکھ کر اللہ یاد آجائے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہماری متاعِ حیات اللہ اور رسول ۖ پر کامل ایمان ہونا چاہیے جو ہماری اولادوں کے محفوظ ایمانی مستقبل کے لیے بھی ناگزیر ہے،نائلہ ہمایوں اور ناظمہ علاقہ نے کورس کے شرکا میں اسناد اور کتب کی تقسیم کیں،تقریب میںشرکاء سے نصاب پر گروپ ڈسکشن ہوا۔