غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 92 افراد شہید

غزہ ، بیروت(صباح نیوز) اسرائیل کے غزہ اور لبنان میں وحشیانہ حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران
غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 92 افراد شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں تعینات امن فوج پر پھر حملہ کیا ہے ۔غزہ میں صہیونی حملوں میں 65 فلسطینی شہید اور 140 زخمی ہوگئے جبکہ جنوبی لبنان میں کم ازکم 27 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وازرت صحت نے بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 65 فلسطینی شہید اور 140 زخمی ہوگئے، دوسری جانب شمالی غزہ میں اسرائیلی ناکہ بندی تیرہویں روز میں داخل ہوگئی ہے۔محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ جبالیہ مہاجر کیمپ کی ناکہ بندی کے باعث تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبی اور گلیوں میں موجود درجنوں لاشیں اٹھائی نہیں جاسکی ہیں۔ واضح رہے کہ 13 روز سے جاری اسرائیلی ناکہ بندی کے نتیجے میں 2 لاکھ سے زائد فلسطینی کھانے، پانی اور ادویہ کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 16 ہزار 765 بچے بھی شامل ہیں جبکہ تقریبا ایک لاکھ افراد زخمی اور 10 ہزار سے زائد لاپتا ہیں۔

یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے پہلے اجلاس میں یورپی اور خلیجی ممالک نے اسرائیل سے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔الجزیرہ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں اسرائیلی حملوں میں 27 افراد شہید اور 185 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ صوبائی دارالحکومت نباتیا میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 27 افراد شہید اور 52 زخمی ہوگئے۔لبنان کے خلاف جاری حالیہ اسرائیلی جارحیت میں یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے جس میں صہیونی فضائیہ نے صوبائی دارالحکومت نباتیہ میں میونسپل ہیڈکوارٹرز کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی حکام نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف شروع کی گئی مہم کا رخ لبنانی ریاست کی جانب موڑ دیا ہے۔
لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب مکاتی نے کہا ہے کہ میونسپل کونسل میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اجلاس جاری تھا جسے اسرائیلیوں نے جان بوجھ کر اسے نشانہ بنایا ہے۔ادھر لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ایک مرتبہ پھر اس کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک واچ ٹاور کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حزب نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہر کریات شمونا کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی میڈیا نے راکٹ حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 10 راکٹ شہر کی جانب جاتے ہوئے دیکھے گئے۔حزب اللہ نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ اس کے جنگجوں نے لبونے ہائٹس پر اسرائیلی ٹینک کو اینٹی ٹینک میزائل سے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کا عملہ ہلاک اور زخمی ہوگیا، ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیل کی زمینی پیش قدم کے نتیجے میں صہیونی فوج اور حزب اللہ کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔واضح رہے کہ غزہ پر مصلت اسرائیلی جارحیت کے ایک سال بعد صہیونی فوج نے حزب اللہ کے خاتمے کے لیے گزشتہ ماہ لبنان پر زمینی اور فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ سمیت کئی سینئر رہنما شہید ہوگئے تھے۔