لاہور(صباح نیوز) صوبہ پنجاب کی حکومت نے جمعہ کو تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دو دن کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے۔
پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 18 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک صوبے میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی ادارے جمعہ کو بند رہیں گے، چھٹی کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی سکولز اور کالجز پر ہو گا، صوبہ بھر کی یونیورسٹیز بھی کل بند رہیں گی۔
دوسری جانب لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے دوسرے سالانہ امتحان کے جمعہ کو ہونے والے تمام پیپرز بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق جمعہ کے روز فزکس، ہوم اکنامکس، جغرافیہ، ایگریکلچر اور نرسنگ کا پیپر لیا جانا تھا، مذکورہ پیپروں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔دریں اثنا، لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے معاملے پر جمعرات کو راولپنڈی میں احتجاج کرنے والے کم ازکم 250 طلبہ کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا تھا۔