کراچی (صباح نیوز)گلشن ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد نے کہا ہے کہ گلشن اقبال میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی تعمیر نو اور استرکاری سے قبل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو آن بورڈ لیا جائے گا کیونکہ اکثر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے فوری بعد واٹر بورڈ کے اہلکار کھدائی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے سارا کام دھرا رہ جاتا ہے۔
ایک بیان میں ڈاکٹر فواد نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بھی اپنے اہداف میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں سڑکوں کی تعمیر کے بعد عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈاکٹر فواد نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ و دیگر بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے گلشن ٹاؤن کے باشندوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری عوام نے اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ روزمرہ کی بنیاد پر عوام کو جو مشکلات پیش آتی ہیں، ان کا مکمل مداوا تو ممکن نہیں، لیکن ہم اپنی طرف سے اقدامات کریں گے تاکہ عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کر سکیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے گلشن ٹاؤن کے رہائشیوں کے لئے ایک مثبت قدم کی جانب پیش رفت ہے، اور امید کی جاتی ہے کہ اس سے عوامی زندگی میں بہتری آئے گی۔