کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے 9ٹائون چیئر مین و 87یوسی چیئر مین سمیت تمام منتخب بلدیاتی نمائندے سندھ حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں ، تقریباً 11ماہ کے دوران ہم نے عوام کو 110پارکوں کا تحفہ دیا ہے اور عوام کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیدا کیے ہیں ، تقریباً 38ہزار اسٹریٹ لائٹس نصب کر کے شہر کی تاریک گلیوں کو روشن کیا ، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا ، اسپورٹس کمپلیکس بنائے ، کراچی کو گرین بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ہم نے اہل کراچی سے وعدہ کیا تھا کہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے ، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا ۔ہمارا عزم ہے کہ شہر کی تعمیر وترقی کا سفر جاری رکھیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ٹائون کی یوسی 8سی پی برار سوسائٹی میں دو پارکوں کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ منعم ظفر خان نے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ ، جناح ٹائون کے چیئر مین رضوان عبد السمیع ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے ایم سی و چیئر مین یوسی 8جنید مکاتی اور مرد و خواتین کونسلرز کے ہمراہ کمال فیملی پارک اور جامع مسجد مقبول سے متصل مقبول فیملی پارک کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد موجودتھی ، جن میں خواتین ، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے ، جنہوں نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان پارکوں سے علاقے کا ماحول بھی بہتر ہو گا اوریہاں کے رہائشی اپنی فیملی کے ہمراہ اس سے استفادہ کریں گے ۔#