کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان و نائب امیر کراچی انجینئر سلیم اظہر نے اغواء وڈکیتی کے دوران اغواء کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے تاجر مسمر عارف صدیقی سے مقامی اسپتال میں ملاقات و عیادت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی ۔منعم ظفر خان نے بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر سندھ حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ،مسمر عارف صدیقی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور مطالبہ کیا کہ شہر میں مسلح ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزتاجر مسمر عارف صدیقی کو ان کی فیملی کے ہمراہ مسلح افراد نے اغوا کر کے بینک اکاؤنٹ خالی کروایا اور اس کے بعد گولی مارکر زخمی کردیا تھا ۔ منعم ظفر خان نے مزید کہاکہ محکمہ پولیس کی کارکردگی کا یہ حال ہے کہ رواں برس 44ہزار سے زائد ڈکیتی و لوٹ مار کی وارداتیں ہوئیں اور مزاحمت پر تقریبا 150شہری اپنی جان گنوابیٹھے ،شہر میں ایک بار پھر سے اسٹریٹ کرائمز ، مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ، شہری اپنی جان و مال سے محفوظ نہیں ہیں ، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہوگئے ہیں ، دن دیہاڑے تاجر وں اور عام شہریوں کو اغوا ء کرلینا پولیس اور قانون نافاذ کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔ #