کراچی(صباح نیوز) مرکزی رہنماجماعت اسلامی ودینی اسکالر راشدنسیم نے یونیسیف کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ جس کے مطابق 37 کروڑ سے زائد لڑکیاں اور خواتین 18 سال کی عمر سے پہلے ریپ کا شکار ہوچکی ہیں، کوہولناک اوراسے انسانیت کے منہ پرطمانچہ قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ سب کچھ مادرپدرآزادی، برابری کے حقوق کے نام پرعورت کوسڑکوں پرلانے،بے پردگی اور مخلوط معاشرہ بنانے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اپنے گھرپرملاقات وعیادت کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہاکہ جدید مغرب نے عورتوں کو آج اس مقام پردھکیل دیا ہے جبکہ مردوں کو جنسی درندہ بنادیا ہے۔بظاہرتو عورت کو ان کے حقوق کے نام پرمیدان عمل میں لایا جاریا ہے مگربدلے میں عورت اس کی ہولناک شکل میں کیاقیمت چکارہی ہے ۔بدقسمتی سے مختلف تحاریک اسلامی بھی اس دباء میں ہیں وہ بھی خواتین کو میدان عمل میں لانا چاہتی ہیں۔اسٹیج واجتماعات میں ساتھ ہوتی ہیں جوکہ فطرت اور قرآن وسنت کی تعلیمات کے بالکل خلاف ہے۔مفکراسلام مولانا مودودی نے اپنی کتاب پردہ میںمسلسل اسکے ہولناک نتائج کی نشاندہی ورہنمائی کی ہے جو اب ہمارے سامنے آچکی ہے ۔اس لیے دینی تحریکوں کو کسی دباء میں آئے بغیرکلمہ حق بلند کرنا چاہیے۔خواتین کو غیرمحفوظ بنانے کے اقدامات کی بجائے اس کے تحفظ کا انتظام کیا جائے۔اس انسانیت دشمنی خاص طور عورتوں پرجنسی حملوں کے چلن کے خاتمے کے لیے پوری انسانیت کو قرآن وسنت کے رو سے سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ یونیسیف کی رپورٹ انسانیت کے منہ پرکالک ملنے والی رپور ٹ ہے اندازہ لگائیں کہ آج انسانیت کس طرح زمیں بوس ہوتی جارہی ہے۔ یہ واقعات کسی بھی معاشرے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں اور ان کا تسلسل اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ انسانی معاشرے میں اخلاقی بگاڑ بڑھتا جارہا ہے۔ اسلام نے عورت کو جو تحفظ اور حقوق فراہم کیے ہیں، وہ دنیا کے کسی بھی نظام میں اپنی مثال آپ ہیں۔ اسلام نے عورت کی عزت اور حرمت کو سب سے اعلیٰ مقام دیا ہے، اور اس کے ساتھ جوڑے گئے حقوق نہ صرف اس کی زندگی کو محفوظ بناتے ہیں بلکہ معاشرے میں امن و سکون کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔