جامعہ کشمیر کو گرانٹ کی فراہمی پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن


مظفر آباد(صباح نیوز)آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی صدر پروفیسر ڈاکٹر نازنین حبیب اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اسرار سعید قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے جامعہ کشمیر کو گرانٹ کی فراہمی پر اللہ رب العالمین کا شکر ادا کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سیکرٹری مالیات اور محکمہ فنانس  کے حکام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ایسوسی ایشنز کے دونوں صدور نے جامعہ کشمیر کی مالی مشکلات کے حوالے سے کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات طویل عرصہ سے مالی بحران کا شکار ہیں اور انتہائی مشکل صورت حال میں تدریسی امور بحال رکھے ہوئے ہیں۔اس مالی بحران سے آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد سب سے ذیادہ متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے آزاد کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اس مالی بحران کے خاتمہ کے لیے حکومت آزاد کشمیر سے تعاون اور جامعہ کشمیر کے لیے گرانٹ کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی تھیں جبکہ ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اسرار سعید قادری اور اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی صدر پروفسیر ڈاکٹر نازنین حبیب اور ان دونوں ایسوسی ایشنز کے ذمہ داران بھی اپنے طور پر اعلی حکومتی شخصیات، وزرا کرام،چیف سیکرٹری،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان کو توجہ اس اہم مسئلہ کی جانب مبذول کروارہے تھے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر اکیڈمک اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کی انتھک کوششوں کی بدولت وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے یونیورسٹی کو گرانٹ کی  فراہمی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ساتھ جامعہ کشمیر کے ڈائریکٹر فنانس پروفسیر ڈاکٹر خواجہ بشارت اور ان کی ٹیم نے جاں فشانی کام کیا اور جامعہ کی مکمل مالی پوزیشن کمیٹی کے سامنے رکھی۔

یونیورسٹی حکام  کی انتھک محنت سے بالآخرحکومت آزاد کشمیر/ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے جامعہ کشمیر مظفرآباد کو گرانٹ فراہم کرنے کی اصولی منظوری دی ہے اور امید ہیکہ آئندہ چند دنوں میں حکومت کی جانب سے منظور شدہ گرانٹ جامعہ کشمیر کو منتقل کر دی جائے گی۔دونوں ایسوسی ایشنز جامعہ کو گرانٹ فراہم کرنے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے مشکور ہیں اوروائس چانسلر، ڈائریکٹر فنانس اور ان کی ٹیم کو مبارک پیش کرتے ہیں۔

ایسوسی ایشنز کے دونوں صدور نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی جامعات کے مالی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت آزاد کشمیر کو پاکستان کے صوبوں کی طرز پر اقدامات اٹھانے ہوں گے اور ہر سال اپنے بجٹ میں ایک ریگولر Matching گرانٹ آزاد کشمیر کی جامعات کے لیے مختص کرنا ہو گی۔