اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات ،قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی چیز ماورائے آئین و قانون نہیں ، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل کو یقینی بنایا گیا ہے، کسی بھی عدالتی حکم میں عالمی معیارات اور مقامی قوانین و آئین کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔جمعرات کو یہاں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی بھی چیز ماورائے آئین و قانون نہیں، کسی بھی عدالتی حکم میں عالمی معیارات اور مقامی قوانین و آئین کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے فلائٹس بھی اسی لئے بحال ہوئیں کہ عالمی معیارات پر عمل درآمد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ملٹری کورٹس کا ایک نظام ہے، یہاں رائٹ ٹو فیئر ٹرائل یقینی بنایا گیا ہے، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کا حق، ریکارڈ اور فیملی تک رسائی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی بھی عالمی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کا ہمیشہ سے ہولڈ رہا ہے، وہ ایکسپورٹ بھی کرتے ہیں، من مانی بھی کرتے ہیں، آخری مرتبہ کب ایسا ہوا کہ ملوں کے اندر اتنے چھاپے پڑے ہوں؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں پوری شوگر انڈسٹری کو ریگولیٹ کیا گیا، شوگر ملوں کے اندر پیداواری صلاحیت کوچیک کیا گیا، سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔۔