پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں اومیکرون کے وار تاحال جاری ہیں۔محکمہ صحت کی جاری کردہ نئی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اومیکرون وائرس کے مزید 15کیسز سامنے ائے ہیں جس کے بعد خیبرپختونخوا میں اومیکرون وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد461 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پشاورسے 13 جبکہ لکی مروت سے ایک شخص میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوئی۔محکمہ صحت کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نئے کیسز میں 12 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔واضح رہے کہ اومیکرون نظام تنفس کی نالی کے اوپری حصے یعنی حلق کے خلیات پر اثر انداز ہوتاہے اور پھیپھڑوں تک جانے کے بجائے حلق میں ہی اپنی تعداد تیزی سے بڑھاتا ہے۔اگر یہ وائرس ایک بار کسی فرد میں داخل ہوکر حلق میں اپنی تعداد بڑھاتا ہے تو اس طرح اس کے پھیلنے کی رفتار کئی گنا تیز ہوسکتی ہے یہی وجہ ہے اومیکرون بہت تیزی پھیل رہا ہے۔
کورونا وائرس کی سابقہ اقسام پھیپھڑوں کو زیادہ متاثر کرتی تھی اسی لئے وہ کم متعدی لیکن جان لیوا تھی۔تاہم اومیکرون سانس کی نالی کے خلیات پر اثرانداز ہوتا اور انہیں زیادہ متاثر کرتا ہے اسی لئے ایسے تمام افراد جو اومیکرون سے متاثر ہوتے ان میں بیماری کی شدت کافی کم ہوتی ہیں اور ہسپتال جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔