محمد حسین محنتی کی زیرقیادت جماعت اسلامی وفدکی چینی قونصل جنرل سے ملاقات،بم دھماکے میں چینی انجنیئرز کی ہلاکت پراظہار تعزیت

کراچی (صبا ح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی قیادت میں وفد نے چینی قونصلیٹ پہنچ کر قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے ملاقات کی اور گذشتہ دنوں کراچی ایئرپورٹ پربم د ھماکے میں چینی انجنیئرز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی طرف سے بھی اس انسانیت سوزواقعے پراظہار افسوس کاپیغام پہنچایا۔

قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے جماعت اسلامی وفد کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ پاک۔چین تعلقات بہت گہرے ہیں دشمن اپنے سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔گوادرسمیت پاکستان کی تعمیروترقی کے لیے چین اپنا بھرپورکردار ادا کرتا رہے گا۔ وفد میں سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر محمدفاروق اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی ساتھ موجود تھے۔

امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین نے چینی باشندوں کی ہلاکت پراظہار افسوس اورواقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی بم دہماکے کا واقعہ پاک ۔چین تعلقات کو خراب کرنے کی گہری سازش ہے، چین اور پاکستان اسٹریٹجک پارٹنر ہیں ۔پاکستانی عوام چائنہ کی دوستی پر فخر کرتے ہیں ۔چینی شہریوں پرحملہ کرنے والے دشمن کے آلہ کاراور پاکستان کے دشمن ہیں ۔

کشمیر فلسطین اشوز پربھی چائنہ کا کردار قابل قدر ہے۔ پاکستانی عوام چائنہ کی دوستی پر فخر کرتے ہیں ۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اورسمندروں سے گہری ہے۔صوبائی امیر نے کہاکہ چینی باشندوں سمیت تمام مہمانوں وسفارتکاروں کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ۔ #