امیر جماعت خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی ضلع خیبر میں ہونے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے ضلع خیبر میں ہونے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ غیر مسلح پر امن افراد پر حملہ اور فائرنگ بدترین دہشت گردی ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ حکومت کے ایسے اقدامات کی وجہ سے حالات مزید کشیدہ ہوں گے۔ تشدد کا راستہ اختیار کرنا صوبے اور عوام دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، اب بھی وقت ہے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اس معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلح لوگوں پر گولیاں چلانا حکومتی دہشت گردی ہے۔ پولیس کی اندھا دھند فائرنگ سے تین قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں جبکہ پندرہ سے زائد زخمی ہیں۔ ضلع خیبر میں عوام کا اجتماع امن کے قیام کے لیے ہے لیکن صوبائی حکومت خود امن و امان خراب کر رہی ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے پسماندگان سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مقتولین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کے باعث جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کے لیے مالی پیکج کا اعلان کریں۔