مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ جنوبی ایشیا کاامن اور ترقی مسئلہ کشمیراور فلسطین کے حل سے مشروط ہے،شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں دیگر مسائل کے ساتھ مسئلہ کشمیراور فلسطین کو بھی ایجنڈے میں رکھاجائے،مسئلہ کشمیراورفلسطین کو حل کیے بغیر نہ خطے میں ترقی اورنہ ہی امن ہوسکتاہے ترقی کے لیے امن کا ہونا ضروری ہے،8اکتوبر کازلزلہ اللہ کی بڑی آزمائش تھی اللہ تعالیٰ اس طرح کی آزمائشوںسے بچائے ،
ان خیالات اظہارانھوں نے اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ پوری امت آج جن مسائل کاشکار ہے اس کی بڑی وجہ دین سے دوری ہے قرآن وسنت سے دوری ہے ،ملت اور اس کے حکمران قرآن وسنت کی طرف لوٹ آئیں ہمار ے مسائل حل ہوجائیں گے،امت نے جب تک اپنا تعلق قرآن وسنت سے مضبوط رکھا اور اللہ کے بھروسے پر اقدامات کیے اللہ نے فتح سے ہمکنار کیااور امت کو عروج بخشا ،آج امت پستی کی پاتال میں گری ہوئی ہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ امت قرآن وسنت کی طرف لوٹ آئے۔
انھوں نے کہاکہ ہماری نااہل قیادت 76برس گزرنے کے باوجود قوم کو نظام تعلیم نہ دے سکی یکساں نظام تعلیم ہی یکسو قوم تیار کرتا ہے،انھوں نے کہاکہ ہمار ا سارا نظام بگارکا شکار ہے باطل نظام سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے،جماعت اسلامی اس سارے باطل نظام کو بدلنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے ریاست کے افراد جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جب عوام جماعت اسلامی کے اس تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ ہوں گے تو جماعت تبدیلی لائے گی۔